کابل(این این آئی) افغانستان میں موجود امریکہ کی فوجی گاڑیاں طالبان نے ایران کے حوالے کردی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق طالبان کی جانب سے ایرانی حکام کو امریکی فوجی گاڑیوں کی حوالگی کے بعد ایران کی جانب سے جانے والے قافلے کی ویڈیو بھی بنائی گئی ہے۔
اس ضمن میں اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے دفاعی و سیکیورٹی امور کے ماہر جوناتھن کٹسن نے کہا کہ گاڑیوں کا نقصان امریکہ کے لیے مزید شرمندگی کا سبب ہے۔جوناتھن کٹسن کا کہنا تھا کہ اگر یہ فوجی گاڑیاں آئندہ مستقبل میں عراق میں امریکی فورسز کی شکل میں استعمال ہوئیں اور یا ان سے تیکنیکی معلومات لے لی گئیں تو بیحد خطرناک صورتحال پیدا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح مزید نقصان کا احتمال ہے۔دفاعی و سیکیورٹی امور کے ماہر جوناتھن کٹسن نے اس سلسلے میں واضح اور دو ٹوک انداز میں کہا کہ اس ضمن میں امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے سنجیدہ سوالات پوچھے جانے چاہئیں کیونکہ ان کے اندازے پھر غلط ثابت ہوئے ہیں۔تہران جانے والے امریکی فوجی گاڑیوں کے قافلے میں ہمویز اور بارودی سرنگوں سے بچنے کے لیے بھاری بکتر بند گاڑیاں شامل تھیں۔اس سلسلے میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا گیا ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایران نے کچھ امریکی ٹینکس بھی حاصل کیے ہیں۔