لاہور(این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی جمشید چیمہ کے دو بیٹے ہسپتال میں داخل ہیں، دونوں کو زہر دیے جانے کا شبہ ہے۔پولیس کے مطابق 31 اگست کو جمشید چیمہ کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ
کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا کہ ان کے 9 سالہ بیٹے آحل کو طبیعت بگڑنے پر ہسپتال لے گئے تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ اسے زہر دیا گیا ہے، گھر پہنچے تو دوسرے بیٹے 8 سالہ آرش کو گلے اور آنتوں میں تکلیف ہو گئی، اسے بھی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق گھریلو ملازم رمضان اور عباس نے بتایا کہ خانساماں اقبال، ڈرائیور وقار، سکیورٹی گارڈ دولت باز اور دوسرا ڈرائیور اقبال یہ کہہ رہے تھے کہ بچوں کو انھوں نے زہر دیا ہے۔آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔پولیس نے جمشید چیمہ کے 6 ملازمین کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ،اہل خانہ کے مطابق اب دونوں بچے تندرست اور گھر پر ہیں۔