اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے رحیم یار خان میں مندر میں توڑ پھوڑ کے معاملے کا نوٹس لے لیا ۔سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف
ڈاکٹر رمیش کمار نے آج اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے ملاقات کی اور رحیم یار خان کے گائوں بھونگ میں مندر پر ہونے والے حملے سے متعلق گفتگو کی۔سپریم کورٹ کے مطابق اس معاملے پر چیف جسٹس نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس معاملے کی سماعت جمعہ 6 اگست 2021 کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں مقرر کردی۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب کو واقعے کے حوالے سے رپورٹ کے ہمراہ طلب کرلیا ہے جبکہ ڈاکٹر رمیش کمار کو بھی سماعت کے موقع پر طلب کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر رحیم یار خان میں واقع مندر پر حملے کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے،سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاٹھیوں سے مسلح افراد مندر میں توڑ پھوڑ کر رہے ہیں اور نعرے بھی لگا رہے ہیں۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نے بھی معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔