اسلام آباد (این این آئی)آزاد کشمیر حکومت نے مبینہ غیر قانونی اقدامات ختم کرنے کیلئے وفاق کو 25 جون کی ڈیڈ لائن دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفاق اور آزاد کشمیر حکومت کے درمیان ‘اختیارات کی جنگ’ کی اندرونی کہانی سامنے
آگئی جس کے مطابق آزاد کشمیر حکومت نے مبینہ غیر قانونی اقدامات ختم کرنے کیلئے وفاق کو 25 جون کی ڈیڈ لائن دی ہے اور آزاد کشمیر حکومت کا مؤقف ہے کہ وفاق کی مبینہ مداخلت کی وجہ سے آزاد کشمیر کابینہ نے بجٹ کی منظوری نہیں دی، تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ پیش کیے بغیر اسپیکر نے اسمبلی اجلاس ملتوی کردیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ وفاق نے ہمارے بجٹ سے 5 ارب روپے وزیر امور کشمیر کو دیدیے اور انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں میں 5 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے ، گزشتہ بجٹ میں منظور شدہ منصوبے روک کر ربوں روپے لیپس کیے جارہے ہیں، توانائی کے میگا پراجیکٹ پر فکسڈ ٹیکس ہمارے حقوق پر ڈاکا ہے۔آزاد کشمیر کابینہ نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے غیر آئینی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔