ابو ظہبی (این این آئی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے بقیہ میچز سے دستبردار ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولرحسن علی نے فیصلہ تبدیل کرلیا ،باقی میچز کھیلیں گے حسن علی کو ذاتی وجوہات کی بناء پر پیر کی شام ابوظہبی سے پاکستان روانہ ہونا تھا تاہم اب وہ فرنچائز کے ساتھ ہی رکیں گے۔فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ میں اپنی اہلیہ کا مشکور ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں
مجھے سپورٹ کیا۔واضح رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی نے خاندانی مصروفیات کے باعث پاکستان واپس آنے اور پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچوں میں حصہ نہ لینے کا کہا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اعلان کیا تھا کہ حسن علی بقیہ میچز سے آئوٹ ہوگئے ہیں وہ ببل سے باہر چلے گئے ہیں۔اس متعلق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ فیملی سب سے بڑھ کر ہوتی ہے۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ چھ میں منگل کو مزید دو میچ کھیلے جائینگے ۔ شیڈول کے مطابق لیگ کے 23ویں میچ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں شیخ زید سٹیڈیم، ابوظہبی میں مدمقابل ہوں گی لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کرینگے ۔ دوسرا میچ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کراچی کی کپتانی کے فرائض عماد وسیم اور پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کرینگے ۔دوسری جانب پاکستان سْپر لیگ میں پشاور زلمی کے بولر عمید آصف کی وکٹ لینے پر نیا جشن اسٹائل کی تصویر وائرل ہوگئی آئرن مین سیلیبریشن کے بعد انہوں نے رواں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ میں دو گیندوں پر دو وکٹیں لے کر جشن مناتے ہوئے تمام شائقین کرکٹ کو کورونا سے بچاؤ کا پیغام بھی دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ میں وکٹیں لینے پر انہوں نے اپنی جیب سے ماسک نکالا، پہنا اور اپنے ایکشن سے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کا پیغام دیا۔عمید آصف نے اپنے اس جشن کے اسٹائل سے پیغام دیا کہ ماسک پہنیں اس سے پہلے بہت دیر ہوجائے۔2018 میں عمید آصف نے وکٹ لینے کے بعد اپنی ٹی شرٹ اٹھا کر منہ چھپالیا، ٹی شرٹ کے نیچے سے ہالی ووڈ کے سپر ہیرو ’آئرن مین‘ کی جھلک دکھائی دی تھی۔