ممبئی (این این آئی)فلم ساز کرن جوہر، دبنگ گرل سوناکشی سنہا اور رومانٹک ہیرو دلجیت دوسانجھ کی کامیڈین رومانٹک فلم ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ امیدوں کے برعکس فلاپ ہوگئی۔اگرچہ ابھی فلم کی نمائش کو محض 3 دن ہی ہوئے ہیں، تاہم فلم نے تین دن میں اندازوں سے کئی گنا کم کمائی کرکے باکس آفس تجزیہ کاروں کو مایوس کردیا۔خیال رہے کہ ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ میں پاکستانی فنکار راحت فتح علی خان کے گانے ’اشتہار‘ کی وجہ سے بولی وڈ میں ایک بار پھر اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔
اسی گانے کو بنیاد بنا کربھارتی مرکزی وزیر اور گلوکار بابل سپریو نے مطالبہ کیا تھا کہ پاکستانی گلوکاروں و فنکاروں پر بولی وڈ میں پابندی عائد کی جائے۔انہوں نے یہ مطالبہ اس وقت کیا تھا جب یہ خبر سامنے آئی کہ سلمان خان نے فلم ’ویلکم ٹو نیو یارک‘ میں بھارتی گلوکار ایریجیت سنگھ کا گانا نکلواکر راحت فتح علی خان کا گانا شامل کروایا ہے۔اگرچہ بعد ازاں فلم کی ٹیم نے اس خبر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سلمان خان نے فلم سے کسی بھارتی گلوکار کا گانا نہیں نکلوایا کیوں کہ فلم کے لیے ایریجیت سنگھ نے گانا گایا ہی نہیں۔تاہم پھر بھی بھارتی وزیر اور گلوکار رہنے والے بابل سپریو نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے بولی وڈ میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔خیال کیا جا رہا تھا کہ راحت فتح علی خان کی آواز میں شامل گانے ’اشتہار‘ کے باعث فلم پہلے ہی ہفتے 20 کروڑ روپے کی کمائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔تاہم فلم باکس آفس پر بری طرح کمائی کرنے میں ناکام گئی اور ابتدائی 3 دن میں فلم نے محض محض 2 کروڑ 10 لاکھ روپے ہی کمائے ہیں۔ممبئی مرر کے مطابق فلم نے تیسرے دن محض 75 لاکھ بھارتی روپے ہی کمائے، جس کے بعد فلم کی مجموعی کمائی 2 کروڑ 10 لاکھ روپے ہوئی۔فلم نے نمائش کے پہلے دن بھی صرف 75 لاکھ روپے بٹورے تھے، اسی طرح فلم 23 سے 26 فروری تک 75 لاکھ سے 65 لاکھ روپے تک ہی کمائی کرتی رہی۔فلم کو 23 فروری کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیے لیے پیش کیا گیا تھا۔
بدقسمتی سے 24 فروری کو بولی وڈ کی سپر اسٹار اداکارہ سری دیوی دبئی کے امیریٹس ٹاورز ہوٹل میں پانی کے ٹب میں ڈوب کر چل بسیں، جس وجہ سے نہ صرف بولی وڈ باکس آفس بلکہ بولی وڈ کی دیگر سرگرمیوں پر بھی اثر پڑا۔سری دیوی کی موت پر کئی فلموں کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی، جب کہ بھارت میں سینما گھروں پر بھی رش کم رہا۔’ویلکم ٹو نیو یارک‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں فلم ساز کرن جوہر بھی ڈبل رول میں اداکاری کرتے نظر آئے ہیں۔جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں سوناکشی سنہا، لارا دتا، بومن ایرانی، رتیش دیش مکھ اور دلجیت دوسانجھ سمیت دیگر شامل ہیں۔