لاہور ( این این آئی) فلم اور ٹی وی کے خوبرو اداکار احسن خان کی دھوم سرحد کراس کر گئی ۔ ذرائع کے مطابق احسن خان کی نجی ٹی وی چینل سے آن ائیر ڈرامہ سیریل ’’ اڈاری ‘‘ کی دھوم بھارت میں بھی پہنچ گئی ہے ۔ بھارتی اداکار ادیتیہ پنچولی ، رینا رائے اور زینت وہاب نے ڈرامے میں شاندار اداکاری کرنے پر احسن خان کی تعریف کرتے ہوئے ان کو بہترین اداکار قرار دیا ہے ۔ ادیتیہ پنچولی نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں احسن خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت بڑے اداکار ہیں اور ان کی اداکاری سے میں بڑا متاثر ہوا ہوں ۔ اس حوالے سے احسن خان کا کہنا ہے کہ بھارتی فنکاروں کی جانب سے میرے اور ڈرامہ سیریل ’’ اڈاری ‘‘ کے لئے تعریفی کلمات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہمارا ڈرامہ آج بھی عروج کی بلندیوں پر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کو متعدد بار بھارتی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی ہے مگر میں صرف منتخب سکرپٹ اور اچھے ڈائریکٹر کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتا ہوں اور کبھی بھی معیار پر سمجھوتہ نہیں کرتا ۔