لاہور (نیوز ڈیسک) معروف بھارتی اداکار رضا مراد کا کہنا ہے کہ پاکستان آ کر کبھی سکیورٹی کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ امیتابھ بچن بھی چودھری شجاعت حسین کی دعوت پر پاکستان آئیں گے۔یہ بات انہوں نے پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کہی۔ رضا مراد نے ناشتے پر شجاعت حسین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید، ڈاکٹر خالد رانجھا، مسز فرخ خان اور سینیٹر نزہت صادق بھی موجود تھیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی کو دور کرنے میں کرکٹ کے کھیل نے ہمیشہ اہم رول ادا کیا۔ فنکاروں کے آنے جانے سے ثقافت کو فروغ ملتا ہے۔ رضا مراد نے چودھری شجاعت حسین کی محبتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فنکار کسی کی میراث نہیں ہوتے نہ ان پر سرحدوں کی کوئی قید ہوتی ہے جس طرح کرکٹ کھیلنے سے تعلقات بہتر ہوتے ہیں اسی طرح فنکاروں کے تبادلے سے باہمی تعلقات اور ثقافت کو فروغ ملتا ہے۔