لاہور(نیوز ڈیسک) ایڈیشنل سیشن جج اعجاز بٹ نے معروف اداکارہ عائشہ ثناءکی جانب سے دائر قذف کے مقدمے میں ان کے سابق شوہر مرزا یوسف بیگ کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کےلئے سماعت 25مارچ تک ملتو ی کردی۔ گزشتہ روز وکلاءکی سانحہ شبقدر پر ہڑتال کے باعث فریقین کے وکلاءبھی عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے جس کے باعث مرزا یوسف بیگ کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہو سکی ۔اداکارہ کی جانب سے دائر قذف کے مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی مرزا یوسف بیگ سے شادی کے بعد 19نومبر 2011کو بیٹا پیدا ہوا۔ لیکن باہمی اختلافات کے باعث دونوں میاں بیوی میں طلاق ہو گئی۔ لیکن بعد ازاں مرزا یوسف بیگ نے اپنے بیٹے محمد مصطفی کی ولدیت سے انکار کرتے ہوئے اس پر بدچلنی کا الزام عائد کر دیا۔لہٰذاعدالت مرزا یوسف بیگ کے خلاف بدچلنی کا جھوٹا الزام عائد کرنے پر قذف کی کاروائی عمل میں لائے ۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لئے ملزم کو مقدمے کی نقول فراہم کی تھیں ۔