لاہور: بھارتی گلوکار وموسیقار شنکر مہادیون نے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت میں بسنے والے نوجوان زندگی کے تمام شعبوں میں کچھ الگ کر دکھانے کی خوب صلاحیتیں رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موسیقی میں پاکستان بہت زرخیز دھرتی ہے، بالی ووڈ کی بہت سی فلموں کی کامیابی صرف اورصرف پاکستانی گلوکاروں کی آوازوں میں ریکارڈ کیے گئے گیتوں کی بدولت ہی ممکن ہوئی ہے۔ شنکرمہادیون نے ’’ایکسپریس‘‘ کوانٹرویودیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو ابھی حال ہی میں ’’نوبل پیس پرائز‘‘ سے نوازاگیا ہے جب کہ آسکر جیسے بڑے ایوارڈ بھی ہمارے پاس ہیں اس لیے میں توایک ہی بات کہتا ہوں کہ ہم کسی سے کم نہیں ہیں۔
اب پاکستان کے راحت فتح علی خاں کا میوزک کنسرٹ اگرکہیں ہوتا ہے توٹکٹ نہیں ملتی۔ اسی طرح بھارتی گلوکار بھی جب کسی دوسرے ملک میں پرفارمنس کے لیے جاتے ہیں تو لوگوں کی بڑی تعداد ہال میں دکھائی دیتی ہے، اس طرح کا رسپانس ملنا ایک دورمیں خواب ہی لگتا تھا۔