واشنگٹن(این این آئی)امریکہ میں تین نومبر کو صدارتی انتخابات سے چند دن پہلے امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ووٹرز کو بذریعہ ای میلز خوفزدہ کرنے کے لیے ایران نے معلومات امریکی ریاست کے ووٹرز رجسٹریشن ڈیٹا بیس سے حاصل کی ہیں۔ای میلز کے مواد میں ووٹرز کو
دھمکی دی گئی تھی کہ وہ انتخابات والے دن صدر ٹرمپ کو ووٹ دیں ورنہ نتائج کے لیے تیار رہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ ایرانی ہیکرز ایک امریکی ریاست سے ووٹرز کی رجسٹریشن سے متعلق معلومات لینے میں کامیاب رہے۔ حکام کے بقول ایسا مذکورہ ویب سائٹ میں تکینیکی خرابی کی وجہ سے ممکن ہوا۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ حاصل کردہ معلومات کو کم از کم چار ریاستوں میں ووٹرز کو خوفزدہ کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ جن میں امریکی ریاستیں ایریزونا، الاسکا، پنسلوینیا اور فلوریڈا شامل ہیں۔ووٹرز کو بھیجی گئی ای میلز جو کہ ہیکنگ کے ذریعے حاصل کردہ معلومات پر مبنی تھیں۔ انہیں ایسے ترتیب دیا گیا تھا جس سے یہ تاثر پیدا ہو کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی گروہ ‘پراڈ بوائز’ کی جانب سے بھیجی گئی ہیں۔حکام کے حالیہ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی ہیکرز کی حاصل کردہ ووٹرز رجسٹریشن معلومات پر مبنی ایک ویڈیو بھی بنائی گئی جس میں جعلی ووٹ کا تذکرہ کیا گیا۔