برطانیہ(مانیٹرنگ ڈیسک) رواں ہفتہ فیس بک کے لیے کافی سخت ثابت ہوا ہے خصوصاً برطانوی پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے مارک زکربرگ اور ان کے ساتھیوں کو ڈیجیٹل گینگسٹر قرار دینے کے بعد۔ برطانوی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد اب فیس بک نے ایک نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرایا ہے۔
اب فیس بک کے اینڈرائیڈ صارفین فیس بک ایپ پر لوکیشن شیئرنگ کو محدود کرسکتے ہیں۔ ایپل پہلے ہی آئی فون صارفین کو فیس بک ایپ کے حوالے سے 3 آپشن دے چکی ہے، ایک شیئر لوکیشن انفارمیشن شیئر کرنے سے انکار، دوسرا ہمیشہ شیئر کرنا اور تیسرا اس وقت جب ایپ استعمال ہو۔ اینڈرائیڈ میں صارفین کو اس طرح کے آپشنز دستیاب نہیں، وہ یا تو ہر وقت اپنی لوکیشن انفارمیشن شیئر کرتے رہتے ہیں یا بالکل بھی نہیں کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ فیس بک نے اب صارفین کو بیک گراﺅنڈ لوکیشن ٹرن آن یا آف کا آپشن اینڈرائیڈ ایپ میں دیا ہے۔ بیک گراﺅنڈ لوکیشن ٹرن آف کرنے پر فیس بک ایپ آپ کا لوکیشن ڈیٹا اس وقت شیئر نہیں کرے گی جب تک اپلیکشن استعمال نہ ہورہی ہے، جس کے نتیجے میں کچھ فیچرز جیسے Nearby Friends محدود ہوجائیں مگر صارفین کو ذہنی سکون بھی ملے گا۔ فیس بک نے اس بارے میں واضح طور پر کہا ہے کہ اس نئی اپ ڈیٹ کے نتیجے میں اب یہ کمپنی صارفین کے بارے میں کوئی نئی معلومات اکھٹی نہیں کرسکے گی۔ کمپنی کے مطابق ہر اینڈرائیڈ صارف جب ایپ میں لوکیشن انفارمیشن شیئر کرے گا تو اسے ایک نوٹیفکیشن ملے گا جس میں اسے اس نئے فیچر کے بارے میں بتایا جائے گا، اگر آپ نے کبھی لوکیشن ہسٹری ٹرن آن نہیں کی تو آپ کو یہ الرٹ نہیں ملے گا۔ یقیناً یہ فیس بک میں پرائیوسی مسائل کا حل نہیں مگر اسے ایک مثبت آغاز سمجھا جاسکتا ہے۔