اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ پہلے ہی فولڈ ایبل فون کی جھلک پیش کرچکی ہے جو کہ فون اور ٹیبلیٹ دونوں کی مشترکہ خصوصیات کا حامل ہوگا، موٹرولا اور مائیکرو سافٹ اس ٹیکنالوجی پر کام کررہے ہیں اور اب ایل جی بھی کچھ ایسا کرنے والی ہے۔ سی نیٹ ڈاٹ کام کی
ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایل جی بھی فولڈنگ اسمارٹ فون کی دوڑ کا حصہ بننے والی ہے مگر ایک مختلف طریقے سے۔ رپورٹ کے مطابق ایل جی ایسا اسمارٹ فون متعارف کرانے والی ہے جس میں صارفین دوسری اسکرین لگاسکیں گے یعنی اسکرین سائز دوگنا کرسکیں گے۔ اس کی زیادہ تفصیلات تو معلوم نہیں مگر ممکنہ طور پر یہ سیکنڈ اسکرین ایک کیس کی شکل میں ہوسکتی ہے اور یہ اگلے ماہ موبائل ورلڈ کانگریس میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔ ایک کیس کی شکل میں سیکنڈ اسکرین کا تصور نیا نہیں بلکہ الیک ٹیل 2014 میں ایسا کرچکی ہے مگر یہ زیادہ مقبول نہیں ہوسکا۔ ایل جی وہ کمپنی ہے جو اسمارٹ فونز پر نئے تجربات کرنے سے گھبراتی نہیں تاہم اکثر یہ تجربات ناکام ثابت ہوتے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ نیا فون ایل جی کا فلیگ شپ جی 8 ہوگا یا کوئی الگ سیریز کا حصہ۔ یہ تفصیلات موبائل ورلڈ کانگریس میں ہی سامنے آئیں گی مگر ایل جی اس نئے موبائل فون سے سام سنگ یا دیگر کمپنیوں کو پیچھا چھوڑنا ضرور چاہے گی۔