نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ نے اپنی تمام ڈیوائسز سے اب تک کا سب سے اہم اور جدید فیچر ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے,گلیکسی نوٹ 9 وہ آخری ڈیوائس ہوگی جس میں آئرس اسکینر کا استعمال کیا جائےگا۔ آئرس سکینر کو ہٹانے کے بعد سام سنگ تھری ڈی فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گا ، رپورٹس کے مطابق سام سنگ ایک اسرائیلی کمپنی Mantis Vision کے ساتھ مل کر اس سلسلے میں ضروری ٹیکنالوجی ڈیویلپ کرنے کے لیے کام رہاہے۔ رپورٹ کے مطابق سام سنگ گلیکسی ایس 10 اور ایس 10 پلس میں بائیو میٹرک سیکورٹی فیچر کے لیے ڈسپلے میں ہی فنگر پرنٹ ریڈر شامل
کیا جائے گا۔ ڈسپلے میں فنگرپرنٹ کے ساتھ بہت سے اسمارٹ فونز اس وقت مارکیٹ میں موجود ہیں۔ اس لیے سام سنگ کی طرف سے اس ٹیکنالوجی کا استعمال کوئی نئی بات نہیں ہوگی، تاہم سام سنگ اس میں خود سے تبدیلیاں کر کے اس ٹیکنالوجی کو اپنے اسمارٹ فونز میں شامل کرنا چاہتا ہے۔ ایک ممکنہ صورتحال یہ ہو سکتی ہے کہ فنگرپرنٹ سکینر کے ساتھ بلڈ پریشر یا دل کی دھڑکن معلوم کرنے کا سنسر شامل کر دیا جائے لیکن یہ ٹیکنالوجی ابھی تجارتی پیمانے پر استعمال کے لیے ڈویلپ نہیں ہوئی، اس لیے سام سنگ کی طرف سے اس کا استعمال مشکل ہے ، مستقبل میں ایسا ضرور ممکن ہو سکتا ہے۔