لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) رواں برس موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ میں دنیا میں سب سےزیادہ 56 فیصد اضافہ پاکستان میں ہوا ہے۔ دنیا کی بڑی انٹرنیٹ اسپیڈ تجزیہ کار کمپنی اسپیڈ ٹیسٹ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق 56 فیصد اضافے کے ساتھ پاکستان کی اوسط انٹرنیٹ اسپیڈ 13 میگا بائٹس فی سیکنڈ ہو گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت میں موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ 42 فیصد اضافے کے ساتھ 8 میگا بائٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ برازیل میں موبائل
اسپیڈ 28 فیصد، جاپان میں 23 فیصد اور امریکا میں 22 فیصد بڑھی ہے۔دنیا میں موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ کے حساب سے بڑے ملکوں میں چین 32 میگا بائٹس فی سیکنڈ اور امریکا 26 میگا بائٹس فی سیکنڈ کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔پاکستان میں موبائل پر انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے کنکشنز کی تعداد اب سوا چار کروڑ کے قریب ہے۔ رواں سال اسپیڈ میں اضافے کے اعتبار سے پاکستان نے امریکا، چین، بھارت اور روس سمیت بڑے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔