واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے سیلف ڈرائیونگ آٹوموبائل ٹیکنالوجی کیلئے نیا ریگولیٹری فریم ورک متعارف کروا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیا ریگولیٹری فریم ورک بغر ڈرائیور کاروں کی ٹیکنالوجی کے تیزی سے فروغ کے پیش نظر تیار کیا گیا ہے جبکہ معروف ٹیکسی سروس ’’اوبر‘‘ نے چند روز پہلے بغیر ڈرائیور چلنے والی ٹیکسی متعارف کرائی تھی۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ انتھونی فوکس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت مستقبل کی گاڑیوں کیلئے سیفٹی سٹینڈرڈز کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔ فوکس نے ڈرائیور لیس کار سسٹم کیلئے 15 نکاتی سیفٹی اسیسمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلف ڈرائیونگ آٹوموبائل تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ٹیکنالوجی ہے اور حکومت تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اوبر اور ایلفابیٹ سمیت بڑی کمپنیوں کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتی ہے۔