فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فرقہ وارانہ مواد فیس بک پر شیئر کرنے والے ملزم کو چار سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کا حکم سنادیا۔جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کومزید ایک سال قید کی سز ا بھگتنا ہو گی۔ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج راجہ پرویز اختر نے فیس بک پر اکاؤنٹ بنا کر فرقہ وارانہ مواد شیئر کرنے کے جرم میں نوید احمد کو زیر دفعہ گیارہ ڈبلیو اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 9کے تحت مجموعی طور پر دو دو سال قید اور 50،50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔فاضل جج نے ممنوعہ لٹریچر کی تشہیر اور برآمدگی پر سلانوالی کے ملزمان محمد ذوالفقار اور حنیف الرحمن کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔استغاثہ کے مطابق فیصل آباد کے رہائشی ملزم نوید احمد پر الزام تھا کہ اس نے فیس بک پر اکاؤنٹ بنا کر فرقہ وارانہ مواد شیئر کیا تھا جس پر مئی کے مہینے میں تھانہ سی ٹی ڈی نے کاروائی کرتے ہوئے ملزم نوید احمد کو حراست میں لیا تھا ۔