اسلام آباد(ما نیٹرنگ ڈیسک ) کیا آپ کو فیس بک پر انگلش میں اسٹیٹس اپ ڈیٹ لکھنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے ؟ اگر ہاں تو اب کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ سماجی رابطے کی یہ ویب سائٹ ہی آپ کی مدد کرے گی۔جی ہاں فیس بک نے خودکار ترجمہ کرنے والا فیچر متعارف کرادیا ہے جو مختلف زبانوں میں آپ کی پوسٹس کو شائع کرنے میں مدد دیتا ہے۔ملٹی لینگویج کمپوزر نامی اس فیچر کے ذریعے آپ کسی ایک زبان میں اپنی پوسٹ کو لکھیں اور پھر اپنی پسند کی دیگر زبانوں کا انتخاب کرلیں جن میں شائع کرنا چاہتے ہیں اور پبلش کردیں۔مثال کے طور پر اگر آپ انگلش میں کچھ لکھتے ہیں اور ہسپانوی زبان میں پبلش کرنا چاہتے ہیں تو یہ نیا کمپوزر آپ کی مدد کرے گا۔ابھی اس ٹول میں 45 زبانیں موجود ہیں اور فیس بک کا کہنا ہے کہ جلد ان میں اضافہ کیا جائے گا۔اس فیچر کو استعمال میں لانے کے لیے اکاؤنٹ سیٹنگز میں جاکر post in multiple languages پر کلک کریں۔