نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیٹ ہیکنگ کا نام سنتے ہی کسی تخریب کاری کا گمان ہوتا ہے مگر بہت سے ہیکرز تعمیری راستے بھی اختیار کرتے ہیں اور مختلف کمپنیوں کی پراڈکٹس میں خامیاں ڈھونڈ کر بھاری رقوم کماتے ہیں۔ ایسے ہی ایک پاکستانی ہیکر رافع بلوچ نے گوگل کے براؤزر گوگل کروم اور فائرفوکس میں ایک خامی پکڑ کر 5ہزار ڈالر (تقریباً 5لاکھ روپے)حاصل کر لیے ہیں۔ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق رافع بلوچ نے ان براؤزرز کے ایڈریس بارز میں موجود ایسی خامیوں کی نشاندہی کی تھی جن کے ذریعے ہیکرز صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتے تھے۔رپورٹ کے مطابق رافع نے اپنے ایک بلاگ میں اس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’’ان براؤزرز میں موجود خامی کی وجہ سے ہیکرز صارفین سے ایسی ویب سائٹس سرچ کروا سکتے تھے جو صارفین کا ڈیٹا چوری کرتی ہیں۔ خامی کے باعث صارفین کے سامنے یہ بری ویب سائٹ کسی اصل اور جائز ویب سائٹ کے روپ میں ظاہر ہوتی تھی۔ اس خامی کی وجہ ان براؤزرز کی بعض زبانیں تھیں جو دائیں سے بائیں شروع ہوتی ہیں،مثلاً عربی اور اردو وغیرہ۔