آکسفورڈ(مانیٹرنگ ڈیسک)اگرچہ ہم انسانوں کو تمام مچھلیاں ایک جیسی ہی لگتی ہیں لیکن خود مچھلیاں انسان کو چہرے کی بنا پر شناخت کرنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتی ہیں۔ امریکا اور آسٹریلیا کے ماہرین نے آرچر فش میں ایک حیرت انگیز صلاحیت دریافت کی ہے جو اب تک کسی چھوٹی مچھلی میں دریافت ہونے والی پہلی صلاحیت ہے کہ یہ بہت درستگی کے ساتھ انسانی چہروں کو پہچان سکتی ہے جواس مچھلی کی ذہنی صلاحیت اور برین پروسیسنگ کو ظاہر کرتی ہے۔ ماہرین نے اس مچھلی پر تحقیق کے بعد کہا ہے کہ انسانی چہروں کو پہچاننا ایک مشکل عمل ہے لیکن مچھلی جیسی مخلوق کے لیے یہ اس سے بھی مشکل ہے۔ تمام انسانوں کی 2 آنکھیں، ایک ناک اور دو کان اور ہونٹ ہوتے ہیں اور مچھلی ایک چھوٹا جانوراسے پہچان لے تو یہ ایک غیرمعمولی عمل ہوتا ہے۔ آرچر فش چھوٹے کیڑوں پر اپنے منہ سے پانی کی پچکاری مار کر انہیں گرا کر کھاتی ہیں اور اسی وجہ سے یہ مشہور ہیں لیکن یہی مچھلیاں انسانی چہرے بھی شناخت کرسکتی ہیں۔ یونیورسٹی آف کوئنزلینڈ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ آرچر 44 چہروں میں سے مخصوص چہرے کو پہچان سکتی ہے اس کے لیے مچھلی کو پانی کے ٹینک میں رکھا گیا اور اس نے تصویر پر پانی کی پچکاری مار کر اس کی شناخت کی۔ تجربے میں مچھلی نے 44 تصاویر میں سے مطلوبہ چہرہ 81 فیصد درستگی سے شناخت کرلیا۔ ماہرین کے مطابق مچھلیوں کا دماغ سادہ ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود بعض مچھلیاں چہرے پہچان سکتی ہیں۔