لاہور (دمانیٹرنگ ڈیسک ) دنیا بھر میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں کاریں اور موٹرسائیکلیں چوری ہوتی ہیں۔ ان میں سے کچھ کو جلد برآمد کر لیا جاتا ہے لیکن کچھ یا تو بہت دیر بعد برآمد ہوتی ہیں اور کچھ کا نام و نشان ہی نہیں مل پاتا۔ مگر اب گاڑی مالکان کیلئے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ سائنس دانوں نے محض ایک سکے کے سائز کی ایسی جادوئی ڈیوائس تیار کی ہے جو آپ کی گاڑی میں کسی بھی جگہ آسانی سے نصب کی جاسکے گی اور جب گاڑی بدقسمتی سے چوری ہوجائے تو اس ڈیوائس کی مدد سے اس کو آسانی سے ڈھونڈا جاسکے گا۔یہ ڈیوائس آپ کے سمارٹ فون کی مدد سے باآسانی آپریٹ کی جاسکتی ہے اور زیادہ سے زیادہ 5 منٹ کے اندر چوری ہونے والی گاڑی کی لوکیشن کے بارے میں پتہ لگایا جا سکتا ہے۔ گاڑی مالکان کیلئے ایک وقت میں دو خوشخبریاں یہ ہیں کہ ایک تو یہ ڈیوائس انتہائی چھوٹے سائز کی ہے جسے گاڑی میں کسی بھی خفیہ مقام پر نصب کیاجاسکتا ہے اور دوسرے اسے استعمال کرنے کا کوئی بل بھی نہیں آتا نہ اس پر کوئی خرچہ کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔بس ایک بار اسے گاڑی میں کسی جگہ نصب کر دیا جائے تو اس کے بعد یہ اسی وقت وہاں سے غائب ہوگی یا کام کرنا چھوڑے گی جب گاڑی کا مالک اسے وہاں سے اتارے گا۔ گاڑی مالکان میں اس ڈیوائس کی ایجاد سے جہاں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں گاڑی چور اداس ہوگئے ہیں کیونکہ انہیں اب گاڑی چوری کرنے کے لئے کوئی نیا طریقہ ڈھونڈنا پڑے گا۔