اسلام آباد (نیوزڈیسک)سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی مقبولیت کی بات ہو تو سب کے ذہن میں ایک ہی نام آئے گا اور وہ ہے فیس بک مگر ایک سوشل نیٹ ورک نے نوجوانوں کی حد تک تو اسے مات دے دی ہے۔جی ہاں پہلی بار فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام کے مقابلے میں نوجوانوں میں مقبولیت میں سنیپ چیٹ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ٹیکنگ اسٹاک ود ٹینز نامی اس تحقیق میں ہزاروں نوجوانوں سے پوچھا گیا تھا کہ ان کی نظر میں سب سے اہم سوشل نیٹ ورک کونسا ہے جس میں 28 فیصد نے سنیپ چیٹ کو ووٹ دیا۔انسٹاگرام 27 فیصد کے ساتھ دوسرے، جبکہ ٹوئٹر اور فیس بک ان کے بعد ہیں۔یہ تحقیق لگ بھگ ہر سال ہوتی ہے اور اس سے معلوم ہوا کہ گزشتہ برس کے دوران سنیپ چیٹ کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ سال اس تحقیق میں انسٹاگرام پہلے جبکہ سنیپ چیٹ ٹوئٹر اور فیس بک کے بعد چوتھے نمبر پر تھا۔تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ نوجوانوں میں تصاویر اور ویڈیوز کی دلچسپی زیادہ ہے جو کہ ٹیکسٹ پر چلنے والی ایپس ٹوئٹر اور فیس بک میں کچھ کم ہے۔سب سے نیچے گوگل پلس ہے جسے صرف ایک فیصد نوجوانوں نے ہی پسند کیا جبکہ ٹمبلر اور پنٹریسٹ دو فیصد ووٹوں کے ساتھ کچھ اوپر ہیں۔