بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین جنوبی بحیرہ چین کے علاقے میں سونامی وارننگ کے لئے مختلف قسم کے آلات نصب کرنے کا منصوبہ بنارہاہے تا کہ سمندری طوفان سے پیشگی آگاہی حاصل کی جا سکے ، سونامی وارننگ کا یہ نظام بین الاقوامی نیٹ ورک سے منسلک ہو گا اور جنوبی بحیرہ چین اور اس کے مشرق میں جزیرہ تائیوان اور خلیج ریکو یو میں نصب کیا جا ئے گا ، اس سے چین کے مشرقی اور جنوبی ساحلوں اور ہمسایہ ممالک کو اطلاعات فراہم ہو سکیں گی ، بعض آلات خلیج منیلا کے مغرب میں نصب کئے جائیں گے جہاں جنوبی بحیرہ چین کے علاقے میں سمندری طوفان کا خدشہ ہوتا ہے ، بحرالکاہل کی پٹی میں چین کو زلزلے اور سونامی کے خطرات پیش آتے رہتے ہیں ، چین سمندری طوفان سے پیشگی وارننگ کے جو آلات نصب کررہا ہے اس سے بحرالکاہل کے علاقے میں سونامی کی پانچ منٹ میں اطلاع موصول ہو جائے گی جبکہ سمندر کے جنوب اور مغربی علاقوں کو ایک منٹ اور جنوبی بحیرہ چین میں سونامی کی اطلاع صرف 30سیکنڈ کے اندر موصول ہو جائے گی ،اس نیٹ ورک کے ذریعے سمندری لہروں سے سونامی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جس سے مذکورہ علاقوں کو سمندری طوفان اور دیگر آفات کی قبل از وقت معلومات حاصل ہو جائیں گی ۔