واشنگٹن( نیوز ڈیسک) جدید الیکٹرانک مصنوعات بنانے والی کمپنی ایچ ٹی سی نے اعلان کیا ہے کہ وہ فٹنس بینڈ مارکیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اتھلیٹس کیلئے بطور خاص تیار کیئے جانے والے اس گیجٹ میں جی پی ایس موجود ہے جس کی وجہ سے اسکی قیمت بھی دیگر فٹنس بینڈز کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ یہ بینڈ 199 ڈالرز میں دستیاب ہو گا۔ عام طور پر دستیاب فٹنس بینڈز میں بلٹ ان جی پی ایس نہیں ہوتا ہے اور یہ علیحدہ سے خریدنا پڑتا ہے۔ ایچ ٹی سی کا کہنا ہے کہ ان کا تیار کردہ فٹنس بینڈ متعدد قسم کی سرگرمیوں کو جانچنے کی صلاحیت رکھتا ہے مثلاً تیراکی، سائیکلنگ، دوڑنا اور سونا وغیرہ۔ فٹنس بینڈز صحت مند رہنے کے شوقین افراد کیلئے ایجاد کیا گیا گیجٹ ہے جس کی مدد سے مختٖلف سرگرمیوں، استعمال کی گئی کیلوریز اور جسم میں داخل ہونے والی کیلوریز کا حساب رکھا جا سکتا ہے۔ کچھ بینڈز دل کی دھڑکن وغیرہ کا بھی حساب رکھتے ہیں۔ ایچ ٹی سی کا بینڈ اس حوالے سے منفرد ہے کہ یہ نہ صرف نیند کے دورانیئے کو جانچے گا بلکہ یہ پتہ بھی لگائے گا کہ آپ کتنی دیر گہری نیند میں رہے اور کتنا وقت نیند ہلکی رہی۔ اس فٹنس بینڈ کی خاص بات اس کی سکرین میں ای انک کا استعمال ہے جس کی وجہ سے تیز روشنی یا دھوپ میں بھی اس فٹنس بینڈ کی سکرین کو دیکھا جا سکے گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں