لندن۔۔۔۔دو زبانوں کی ڈکشنریوں کے دن اب گزر گئے۔ اب آپ ہر قسم کے ترجمے کی خدمات اپنے اسمارٹ فون سے لے سکتے ہیں۔ترجمہ کرنے کی ٹیکنالوجی کو تین اقسام میں رکھا گیا، بصری مترجمین، زبانی مترجمین اور انسانی مترجمین، اور اس میں سے کچھ بہترین انتخاب کی جانچ کی گئی۔کس قسم کے مترجم کی آپ کو ضرورت ہے اسکا انحصار صورتحال پر منحصر ہے۔ کسی شہر میں کی سیر کے دوران اشاروں اور نقشوں کو سمجھنے کے لیے آپ کو بصری مترجم درکار ہوگا۔طویل یا خاص طور پر ایک اہم متن کے لیے آپ کو ایک انسانی مترجم درکار ہوگا، اور اگر آپ کسی شخص سے کسی اور زبان میں بات چیت کررہے ہیں تو آپ کو شاید ایک زبانی مترجم کی صورت ہوگی۔بہت سی اپلیکیشنز اور کئی سائٹس تفصیلی کام کررہی ہیں۔ مثال کے طور پر گوگل ٹرانسلیٹ کا ایپ کسی لفظ کا ترجمہ کرسکتا ہے، جو آپ ٹائپ کرتے ہیں اور اس لفظ کو آپ سن بھی سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ وہ کسی چھپے ہوئے لفظ کو آپ کے اسمارٹ فون کے کیمرے کی مدد سے ترجمہ کرسکتا ہے۔گزشتہ سال گوگل نے ایک ٹرانسلیشن ایپ ورلڈ لینس کے نام سے متعارف کرایا تھا،جسے حال ہی میں گوگل ٹرانسلیشن ایپ کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ ورلڈ لینس ٹیکنالوجی کی بدولت اب گوگل ٹرانسلیٹ اسمارٹ فون کے ذریعے ٹریفک اشارات کا ترجمہ کرسکتا ہے۔ترجمہ کی یہ سہولت اس قدر آسان ہے کہ آپ صرف اپنے اسمارٹ فون کا کیمرہ آن کیجیے اور کسی بھی زبان کے سائن بورڈ کی جانب کردیجیے، آپ کے موبائل فون کی اسکرین پر اس کا ترجمہ انگریزی زبان میں ظاہر ہوجائے گا۔ترجمہ کرنے کی یہ سہولت نہایت آسان،قابلِ بھروسہ اور مفت ہے۔ اس کی بہترین بات یہ ہے کہ یہ آپ کو آف لائن بھی دستیاب ہوتی ہے، لہٰذا آپ بیرون ملک کسی بھی ادائیگی کے بغیر اجنبی زبانوں میں تحریر کردہ سائن بورڈز پر لکھی تحریر کو باآسانی کو پڑھ سکتے ہیں۔زبانی مترجم آپ کے ادا کیے گئے جملے کو مطلوبہ زبان میں ترجمہ کرکے سنادے گا۔ آپ کو محض اپنے اسمارٹ فون میں بولنا ہوگا، آپ کا فون کسی بھی مطلوبہ زبان میں اس جملے کا ترجمہ آواز میں پیش کردے گا۔مثال کے طور پر آپ کسی ہسپانوی شخص سے بات کرنا چاہتے ہیں، جو انگریزی سے واقف نہیں ہے، تو فرض کیجیے کہ آپ اپنے اسمارٹ فون میں انگریزی زبان کا یہ جملہ ادا کرتے ہیں کہ “Where is the Park?”۔ اسمارٹ فون کا یہ ایپ آپ کا یہ سوال ہسپانوی زبان میں ترجمہ کرکے آپ کے مخاطب کو ناصرف آواز کے ساتھ سنادے گا، بلکہ فون کی اسکرین پر یہ جملہ ہسپانوی زبان میں تحریری طور پر بھی پیش کردے گا۔پھر وہ شخص آپ کے سوال کا جواب ہسپانوی زبان میں دیتا ہے تو آپ کا اسمارٹ فون اس کے جواب کا انگریزی زبان میں ترجمہ کرکے آپ کو سنائے گا۔بالفرض آپ کو کسی مضمون کا فوری طور پر درست ترجمہ درکار ہے تو آپ کو تیز ترین ترجمے کی خدمات ’ون آوور ٹرانسلیشن‘ سے استفادہ کرنا چاہیے۔اس کے لیے آپ کو صرف اپنی دستاویز اس ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنا ہوگا، اور اس کمپنی کے پندرہ ہزار پیشہ ور مترجمین میں سے کوئی ایک تیزی کے ساتھ اس کا ترجمہ کردے گا۔ دو سو الفاظ کے ایک صفحے کا ترجمہ تقریباًایک گھنٹے میں ہوجائے گا۔اس طرز کی سروس کے لیے آپ کو کچھ ادائیگی کرنا پڑسکتی ہے، لیکن جب انسانی محنت شامل ہوگی تو پھر اس کی قیمت بھی ادا کرنی پڑے گی۔