اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت کے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبے کو عالمی اعزاز، مریم نواز کو ایوارڈ وصول کرنے کے لیے مسقط آنے کی دعوت دے دی گئی۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ 2026 وصول کرنے کے لیے خصوصی طور پر مسقط مدعو کیا گیا ہے۔ایوارڈ دینے کی تقریب ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کے موقع پر عمان کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہوگی، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب کو یہ اعزاز پیش کیا جائے گا۔مریم نواز نے ایوارڈ پنجاب کے بے گھر افراد کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز ان لوگوں کے لیے ہے جو اپنے گھر کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کم لاگت رہائش کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان سمیت دنیا کے نمایاں منصوبوں میں شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کے علاوہ میانمار، برازیل، تیونس، لندن اور انگلینڈ کو بھی یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر اقوام متحدہ کے انسانی بستیوں کے پروگرام کی جانب سے دیا جانے والا اہم عالمی اعزاز ہے، جس کے ذریعے سستی اور معیاری رہائش، پائیدار شہری ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور قدرتی آفات کے بعد بحالی کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو سراہا جاتا ہے۔یہ اعزاز افراد، شہروں، حکومتوں، سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، نجی تنظیموں، تحقیقی اداروں اور مختلف منصوبوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 37 برسوں کے دوران دنیا بھر میں تقریباً 200 یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈز دیے جاچکے ہیں۔پاکستان کی جانب سے اس سے قبل 2007 میں زلزلہ تعمیر نو و بحالی اتھارٹی کے ڈپٹی چیئرمین نے یہ عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔



















































