لاہور (این این آئی) لاہور میں برطانوی نژاد شہری کی بینک ڈکیتی کی تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے ،
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سبحان چھ سال سکاٹ لینڈ میں ٹیکسی چلاتا رہا، ملزم نے اپریل میں سیالکوٹ سے 45ہزار میں پستول خریدا۔جبکہ پستول کے لیے گولیاں 20ہزار روپے میں ٹھوکر نیاز بیگ سے خریدیں، ملزم واردات سے قبل سولہ ستمبر کو پاکستان آیا، واردات کے لیے ملزم نے باقاعدہ بینک کی ریکی کی۔ پولیس کے مطابق بینک کا انتخاب پارکنگ کی جگہ اور نقل و حرکت میں آسانی دیکھ کر کیا، ملزم کو اسلحہ فروخت کرنے والے افراد بھی شامل تفتیش کرلیے۔جمعہ کے روز جنوبی چھائونی بھٹہ چوک کے قریب نجی بینک میں ایک ڈاکو نے کیش کائونٹر سے 7لاکھ روپے لوٹ لیے جبکہ دورانِ ڈکیتی ڈاکو انگریزی میں گفتگو بھی کرتا رہا۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا گیا کہ نقاب پوش مسلح ڈاکو نے دو سکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا کر واردات کی، ڈاکو مہنگی کار میں سوار ہو کر بینک آیا اور انگلش بھی بولتا رہا۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ڈاکو نے اسلحے کی نوک پر سیکیورٹی گارڈ کی مدد سے کار سے سوٹ کیس نکلوایا، جس کے بعد ایک گارڈ پر پستول تان کر دوسرے گارڈ سے اس کا اسلحہ نیچے رکھوا لیا۔ بعد ازاں ڈاکو اسی گارڈ کو پستول کی نوک پر یرغمال بنا کر کیش کائونٹر تک پہنچا۔پولیس کے مطابق ڈاکو واردات کے بعد سیدھا اپنے گھر گیا تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکو کو نجی سوسائٹی سے گرفتار کرلیا۔



















































