لاہور (این این آئی)نواب ٹائون کے علاقے میں جائیداد کے تنازع پر اپنی 80سالہ بزرگ والدہ کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گ
یا۔پولیس کے مطابق ملزم نے جائیداد کے تنازع پر اپنی والدہ سلمی لطیف کو قتل کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے بزرگ خاتون کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ایس پی انویسٹی گیشن صدر عبداللہ عمران چیمہ کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔انچارج انویسٹی گیشن تھانہ نواب ٹائون انسپکٹر محمد قاسم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے قتل کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں جائیداد کے تنازع پر اپنی والدہ کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے دیگر پہلوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ خواتین کوقتل کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ملزم اب پولیس کی گرفت میں ہے مضبوط چالان مرتب کروا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی،جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں کیساتھ نمٹاجائیگا۔



















































