اسلام آباد (این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وفاقی ہسپتالوں نے تیاریاں مکمل کرلیں،
پمز کے بعد پولی کلینک کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اور نان میڈیکل شعبوں کے سربراہان کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہسپتال میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ طبی عملے کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے،ایمرجنسی، ٹراماسینٹر،آئی سی یو، سرجری، بلڈ بینک اور آپریشن تھیٹرزمیں اضافی اسٹاف کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں ہسپتال میں زیادہ سے زیادہ بیڈز، اسٹریچرز،وہیل چیئرز، خون اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی کہاگیا ہے،ہنگامی صورتحال میں ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹرشرجیل کو پمز کافوکل پرسن مقررکیا گیا ہے،شعبہ ٹرانسپورٹ کو ایمبولینسز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،
شعبہ سرجری، نیوروسرجری، آرتھوپیڈک اور دیگر متعلقہ شعبوں کو اضافی اسٹاف کی ڈیوٹیاں لگانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب پولی کلینک انتظامیہ نے تمام شعبوں کے سربراہان اور ڈاکٹرز کو دستیاب رہنے کی ہدایت کر دی،میڈیکل افسران، ٹرینی ڈاکٹرز، ہاس افسران اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی شہر میں موجود رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔انتظامیہ کیمطابق ہنگامی صورتحال میں ڈاکٹر تنویرملک پولی کلینک کیفوکل پرسن ہوں گے، اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو بھی ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔



















































