لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت نے خواتین کو گھریلو تشدد، جسمانی ہراسانی اور آن لائن مسائل سمیت مختلف مشکلات سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنے کیلئے ٹول فری ہیلپ لائن متعارف کرا دی۔
رپورٹ کے مطابق مشکل یا ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے والی خواتین ٹول فری ہیلپ لائن 01737 0800 پر رابطہ کر سکتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر)محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ پولیس، ہسپتالوں اور نفسیاتی ماہرین کے تعاون سے متاثرہ خواتین کو مفت اور غیر جانب دارانہ معاونت فراہم کر رہی ہے۔حکام کے مطابق ہیلپ لائن کے ذریعے ریسکیو سروسز، قانونی مشاورت، نفسیاتی معاونت اور متعلقہ اداروں سے رابطے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، خواتین کو قانونی حقوق، ایف آئی آر کے اندراج کے طریقہ کار، عدالتی معاملات اور دیگر قانونی امور سے متعلق بھی رہنمائی دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق خواتین تحفظ مراکز، شیلٹر ہومز، پولیس اسٹیشنز اور ہسپتالوں سمیت مختلف سہولیات تک رسائی میں بھی مدد فراہم کی جا رہی ہے، نفسیاتی مشاورت کے ذریعے متاثرہ خواتین کو جذباتی اور ذہنی معاونت فراہم کرنے کا انتظام بھی موجود ہے۔حکومت کے مطابق خواتین کے تحفظ، انہیں فوری معاونت کی فراہمی اور باوقار و محفوظ ماحول یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب انتظامی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔



















































