اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت پاکستان نے بیرونِ ملک مقیم دہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے نئی سفری پالیسی نافذ کر دی ہے،
جس پر ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر فوری عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں امیگریشن حکام کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔نئے ضوابط کے مطابق وہ پاکستانی شہری جو غیر ملکی پاسپورٹ استعمال کرتے ہوئے وطن واپس آتے ہیں، ان کے لیے کارآمد نیشنل آئیڈینٹی کارڈ فار اوورسیز پاکستانیز (نائیکوپ) یا پاکستانی ویزا ساتھ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ زائدالمیعاد یا منسوخ شدہ نائیکوپ رکھنے والے افراد کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسے مسافروں کو سفر سے پہلے اپنا نائیکوپ تجدید کروانا یا پاکستانی ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
یہ نئی ہدایات برطانیہ سمیت دنیا بھر سے آنے والے تمام دہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں پر یکساں طور پر نافذ ہوں گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد امیگریشن کے نظام کو مزید منظم، محفوظ اور شفاف بنانا ہے۔نئی پالیسی کے تحت پاکستان پہنچنے والے دوہری شہریت کے حامل افراد، جو غیر ملکی پاسپورٹ پر سفر کریں گے، انہیں امیگریشن کاؤنٹر پر قابلِ استعمال نائیکوپ یا پاکستانی ویزا پیش کرنا ہوگا، بصورت دیگر انہیں داخلے کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔متعلقہ اداروں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل اپنے تمام سفری دستاویزات کی مدتِ کار اور قانونی حیثیت کی اچھی طرح تصدیق کر لیں تاکہ کسی بھی غیر ضروری پریشانی سے بچا جا سکے۔



















































