بالاکوٹ(این این آئی)آزاد کشمیر کے علاقے بالاکوٹ میں 2005کے زلزلے میں جاں بحق ہونے والے 5 سالہ بچے کی لاش 21سال بعد مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ میں 8اکتوبر 2005کے تباہ کن زلزلے میں پانچ سالہ بچہ لاپتہ ہوا جس کے بعد اہل خانہ کو اس کی موت کا یقین ہوگیا تھا اور پھر غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی تھی۔اہل خانہ نے بچے کی لاش کو تلاش کرنے کی بہت کوشش کی مگر انہیں ناکام ہوئی جس کے بعد تھک ہار کر انہوں نے صبر کیا تاہم والدین کے دل میں ایک کسک ضرور تھی۔اب حیران کن طور پر گھر کی کھدائی کے دوران 21سال بعد بچے کی لاش برآمد ہوئی جس کو نکال کر نماز جنازہ ادا کر کے قبرستان میں باقاعدہ تدفین کردی گئی۔
والد نے بتایا کہ پانچ سالہ جمال شفیق زلزلہ میں مکان گرنے سے ملبے کے نیچے دب گیا تھا، بچے کی لاش عرصے تک تلاش کی مگر کامیابی نہیں ملی تھی، آج مکان کی تعمیر کیلیے کھدائی کے دوران لاش ملی۔انہوں نے بتایا کہ کھدائی کے دوران کپڑے نظر آئے اور جب ملبہ ہٹایا تو جمال شفیق کی لاش تھی جس کو نکال کر تجہیز و تکفین اور نماز جنازہ ادا کرکے قریبی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔والد نے کہا کہ 21سال کرب میں گزرنے کے بعد ڈیڈ باڈی ملنے پر سکون ملا۔



















































