لاہور (این این آئی) اچھرہ میں ٹیوشن سینٹر میں 12سالہ لڑکی کی پراسرار ہلاکت کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد طالبہ کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی جبکہ ٹیوشن سینٹر مالک کی دو بیٹیوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں مجموعی طور زیر حراست تین افراد سے تفتیش جاری ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے لڑکیوں کا والد رئوف پولیس کی حراست میں تھا۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 12سالہ لڑکی کے گلے پر رسی کے پھندے کا واضح نشان موجود ہے، طالبہ کی موت گلے میں پھندا لگنے سے واقع ہوئی جبکہ جسم پر تشدد یا زبردستی کے کوئی واضح نشانات نہیں ملے۔ترجمان پولیس کے مطابق واش روم کا دروازہ لاک نہیں تھا، ہلاک ہونے والی نعیمہ کی چھوٹی بہن نے سب سے پہلے واش روم کا دروازہ کھولا، دروازہ نہ کھلنے پر بڑی بہن نے آکر دروازہ کھولا تو نعیمہ کی لاش دیکھی۔ترجمان پولیس نے بتایا کہ حتمی رائے فرانزک اور کیمیکل ایگزامینر رپورٹس موصول ہونے کے بعد دی جائے گی، جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس سمیت دیگر شواہد اکٹھے کر کے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ترجمان پولیس کے مطابق کیس کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے، تفتیش میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔



















































