اسلام آباد (نیوز ڈیسک)لاہور میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کر لیا ہے
جس پر الزام ہے کہ اس نے اپنی مذہبی شناخت چھپا کر خود کو مسلمان ظاہر کیا اور ایک مسلم خاتون سے شادی کی۔ ملزم پہلے سے درج مقدمے میں عدالتی مفرور بھی بتایا جا رہا تھا۔پولیس کے مطابق ڈولفن اسکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو مسلم ٹاؤن کے علاقے سے حراست میں لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کے خلاف پشاور میں مختلف قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے اور وہ کافی عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ڈولفن فورس کے ترجمان کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر غلط معلومات فراہم کر کے ایک مسلم خاندان کا اعتماد حاصل کیا اور بعد ازاں نکاح کیا۔ متاثرہ خاندان نے الزام عائد کیا کہ شادی دھوکا دہی اور جعل سازی کے ذریعے کی گئی، جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف خود کو مسلمان ظاہر کرنے، اسلامی شعائر کے حوالے سے مبینہ دھوکا دہی اور دیگر متعلقہ الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان الزامات کی بنیاد پر وہ عدالتی مفرور بھی قرار دیا گیا تھا۔گرفتاری کے بعد ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ وحدت کالونی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں متعلقہ مقدمے کے تحت تفتیش کا عمل جاری ہے۔



















































