کراچی(این این آئی)کراچی سائوتھ زون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائی کرنے والے ایک اور مبینہ منظم نیٹ ورک کا سراغ لگانے کا دعوی کیا ہے۔
گرفتار ملزم شاہ فہد نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ منشیات کی ترسیل کے لیے انڈوں کے خول استعمال کیے جاتے تھے۔ملزم کے مطابق تمام رابطے اور لین دین واٹس ایپ کے ذریعے ہوتے تھے، جبکہ منشیات پشاور میں موجود مبینہ سپلائر بلال سے حاصل کی جاتی تھی۔ اس نے بتایا کہ منشیات بھرے انڈے سہراب گوٹھ تک پہنچائے جاتے تھے، جہاں سے انہیں مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔شاہ فہد کے مطابق ایک انڈے میں تقریبا 20 گرام منشیات موجود ہوتی تھی اور وہ ایک انڈہ 2 لاکھ 10 ہزار روپے میں خریدتا تھا۔
ہر تین سے چار روز بعد دو سے تین انڈوں پر مشتمل کھیپ موصول ہوتی تھی، جسے مختلف رائیڈرز کے ذریعے آگے پہنچایا جاتا تھا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کے انکشافات کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔



















































