لاہور( این این آئی)بھارت کی جانب سے سالال ڈیم کے اسپِل وے گیٹس کھولنے کے اعلان کے بعد پنجاب میں دریائے چناب میں
پانی کی سطح اچانک بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا ۔عرب نیوز کے مطابق بھارتی حکام نے اعلان کیا ہے کہ دریائے چناب پر واقع سالال ڈیم کے اسپِل وے گیٹس 21مئی سے 30مئی تک ذخائر سے گاد نکالنے کے لیے کھولے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آفس ریاسی، جموں و کشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ عمل 21مئی صبح 9بجے سے شروع ہو کر 30مئی تک جاری رہے گا۔پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے چناب کی سطح میں اچانک 2 سے 3 میٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے جس سے خاص طور پر مرالہ بیراج کے مقام پر پانی کے بہا میں نمایاں اتار چڑھا متوقع ہے۔الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پانی کے اچانک اخراج اور بھاری تلچھٹ کے باعث دریائی بہائو میں غیر معمولی تبدیلیاں آسکتی ہیں، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔محکمہ آبپاشی کو ہائی الرٹ پر رکھتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ دریائی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے، نہری اخراج کو منظم رکھا جائے اور بیراجز کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔
یہ الرٹ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملہ تعینات رکھا جائے تاکہ بروقت رابطہ، امدادی کارروائیوں اور انخلا کے منصوبوں پر فوری عمل کیا جا سکے۔مزید کہا گیا ہے کہ حساس مقامات پر ہیوی مشینری کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ بندش یا شگاف کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے اور متاثرہ سڑکوں کی بحالی ممکن ہو۔



















































