اسلام آباد (این این آئی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اگلے 12سے 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک،
تیز ہوائوں اور ژالہ باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات و آفات کا الرٹ جاری کردیا ۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12سے 24گھنٹوں کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جن میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سجاول، عمرکوٹ، مٹھی، تھرپارکر، میرپورخاص اور گرد و نواح کے علاقے شامل ہیں۔الرٹ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جن میں ژوب، کوئٹہ، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، پشین، مستونگ، بارکھان، قلعہ عبداللہ، چمن، نوشکی اور گرد و نواح کے علاقے شامل ہیں۔اسی طرح گلگت بلتستان اور کشمیر کے ریجن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، خپلو، شگر، مظفرآباد، باغ، حویلی، پونچھ، وادی نیلم، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر برف باری کا بھی امکان ہے۔خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔پنجاب میں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجر خان، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، چنیوٹ، جھنگ، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، گوجرہ، لیہ، میانوالی، بورے والا، ملتان اور ڈی جی خان میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور آندھی کے باعث حد نگاہ میں کمی اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، ژالہ باری سے فصلوں، گاڑیوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے اور برف باری سے پہاڑی علاقوں میں ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، آندھی اور ژالہ باری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، مقامی موسمی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بروقت اطلاع کیلئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں ۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جاری بارش، برفباری اور ژالہ باری کے حوالے سے تمام موسمی صورت حال این ای او سی کی جانب سے جاری الرٹس کے عین مطابق ہے۔



















































