لاہور (این این آئی) حکومت نے توانائی بچت اور نظم و ضبط کو بہتر بنانے کیلئے کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،
جس کے تحت دکانوں، مارکیٹس اور دیگر کاروباری مراکز کے اوقات کار محدود کر دیئے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8بجے بند کرنا لازمی ہوں گے جبکہ ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آئوٹ لیٹس کو رات10بجے تک کاروبار بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔اسی طرح شادی ہالز، بینکوئٹس اور شادی کی تقریبات بھی رات 10بجے تک محدود کر دی گئی ہیں اور یہ پابندی گھروں اور فارم ہائوسز میں ہونے والی شادیوں پر بھی لاگو ہوگی۔حکام کے مطابق چند اہم شعبوں کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے،
جن میں فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز اور ہسپتال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، تندور، بیکریاں، دودھ اور ڈیری شاپس بھی معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد توانائی کے استعمال میں کمی لانا اور شہری نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



















































