کراچی(این این ا ئی)پی آئی اے نے بیجنگ اور کوالالمپور کا آپریشن 11 اپریل سے معطل کردیا، خلیجی ممالک کا آپریشن بھی آپریل کے آخر تک معطل ہوجائے گا،
یو اے ای کا ہفتہ وار 16 پروازوں تک محدود کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ممکنہ نقصانات کے سدباب کے لیے منصوبہ ترتیب دیا گیا۔ اجلاس میں پی ائی اے نے تمام ڈسکاؤنٹ ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا صرف بچوں اور نوزائیدہ بچوں کو رعایت حاصل رہے گی۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے اپنا بیجنگ اور کوالالمپور آپریشن بھی بالترتیب 11 اور 14 اپریل سے معطل کررہی ہے، خلیجی ممالک (ماسوائے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب) کی پروازیں بھی اپریل کے آخر تک معطل کی جارہی ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کا فضائی آپریشن ہفتہ وار 16 پروازوں تک محدود کیا جارہا ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے فیصلہ مہنگے جیٹ فیول کے چوتھی بار اضافے کے تناظر میں کیا ہے، ایندھن کی قیمتوں کا تمام بوجھ مسافروں پر نہیں ڈالا جاسکتا اس لیے کچھ سخت انتظامی فیصلے لیے گئے، امید ہے بین الاقوامی سطح پر قیمتیں جلد معمول کے سطح پر آجائیں گی جس کے بعد تمام متاثرہ روٹ بحال کردیئے جائیں گے۔دریں اثناء حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت پی آئی اے نے نیا سرکلر جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال اور طیاروں کے ایندھن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے، اس سے پی آئی اے کو مالی بحران کا سامنا ہے، پی آئی اے پروازوں میں کارگو شپمنٹ پر وار رسک چارجز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکلر میں پی آئی اے انتظامیہ نے کہا کہ طیاروں کو رن وے تک ٹیکسی کرتے وقت ایک انجن کا استعمال کیا جائے، ڈومیسٹک پروازوں اور سعودی عرب فلائٹ آپریشن کے لیے مسافروں کو مدنظر رکھ کھانا لوڈ کیا جائے اضافی فوڈ پر پابندی ہوگی، اس سے اضافی ایندھن لے جانے میں مدد ملے گی، الیکٹرک جنریٹر کو صرف ایمرجنسی صورتحال میں استعمال کیا جائے۔



















































