اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھاٹی گیٹ میں ماں اور بچی کے گٹر میں گرنے کے افسوسناک واقعے پر اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے متاثرہ خاتون کے شوہر کو حراست میں لینے اور مبینہ تشدد کی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تھانہ بھاٹی گیٹ کے ایس ایچ او زین عباس کو معطل کر دیا ہے، جبکہ متعلقہ ڈی ایس پی کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق ایس پی سٹی سمیت متعلقہ پولیس افسران کے کردار اور ردعمل کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ (آئی اے بی) کو آزادانہ انکوائری کے لیے باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں جاں بحق خاتون کے شوہر اور دیور کو حراست میں لینے کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ بھی جانچا جائے گا کہ ریسکیو کال موصول ہونے کے باوجود گرفتاری کیوں عمل میں لائی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آئی اے بی کو تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں غیر ذمہ دارانہ رویے میں ملوث تمام افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔















































