اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے 31 جنوری سے 3 فروری کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے۔
موسمی ادارے کے مطابق آنے والے دنوں میں شمالی بلوچستان سمیت بالائی علاقوں میں موسم کی صورتحال بدلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یکم سے 3 فروری کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔مزید بتایا گیا کہ انہی دنوں پنجاب کے مختلف علاقوں خصوصاً مری اور گلیات میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو ممکنہ موسمی اثرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔















































