اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) محکمہ موسمیات نے جمعہ کے روز ملک کے کئی حصوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
موسمی رپورٹ کے مطابق بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔اسلام آباد اور اس کے اطراف میں موسم سرد رہنے کے ساتھ آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ مطلع ابر آلود ہو سکتا ہے۔ شام اور رات کے اوقات میں چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کالام کے چند علاقوں میں ہلکی بارش یا برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مردان، صوابی، پشاور اور قریبی علاقوں میں صبح کے وقت کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں سرد موسم کے ساتھ آسمان جزوی سے مکمل ابر آلود رہ سکتا ہے۔ یہاں شام اور رات کے دوران ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح سیالکوٹ، نارووال، گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر دھند پڑنے کی پیش گوئی ہے۔بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد رہنے کے ساتھ مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شام اور رات میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، چاغی، نوکنڈی اور دالبندین کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید سردی کے ساتھ آسمان ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بھی شام اور رات کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔















































