لاہور (این این آئی)مانگا منڈی کے علاقے میں شادی کے وعدے پر ایک خاتون کے ساتھ طویل عرصے تک استحصال،
خاتون کو حاملہ کرنے کے بعد شادی سے انکار اور شادی کے مطالبے پر قتل کی دھمکیاں دینے کے سنگین واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون کے گھر جا کر خاتون سے اور اس کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔متاثرہ خاتون اور اس کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا گیا کہ حکومتِ پنجاب ان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کیس میں انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون کو مکمل تحفظ اور معاونت کی یقین دہانی کروائی۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مقدمے کی تفتیش قانون کے مطابق جاری ہے۔ پولیس کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسے مقدمات میں کسی قسم کی نرمی یا تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔اس موقع پر حنا پرویز بٹ نے کہاکہ کسی خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر اس کی عزت سے کھیلنا، شادی سے انکار کرنا اور شادی کا مطالبہ کرنے پر قتل کی دھمکیاں دینا سنگین جرم ہے۔ ایسے مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو بلیک میل کرنا، دھمکانا اور خوف کے سائے میں رکھنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔
حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے کہ ہر مظلوم خاتون کے ساتھ کھڑی ہو اور ہر مجرم کو نشان عبرت بنا کر انجام تک پہنچائے۔حنا پرویز بٹ نے یقین دلایا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خاتون کو مکمل قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کرے گی اور اس کیس کو اس کے منطقی انجام تک خود مانیٹر کیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف ایسے جرائم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح وژن ہے کہ ہر خاتون خود کو محفوظ سمجھے۔ خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ایک وعدہ ہے جس پر ہر صورت عملدرآمد ہوگا۔















































