شرم الشیخ(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حقیقت میں امن کے علم بردار ہیں، ان کو نوبیل انعام دینے کیلئے ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں۔پیرکومصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ انتھک کوششوں کے بعد غزہ میں امن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، آج غزہ کیلئے اہم اور تاریخی دن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں نیوکلیر قوتیں ہیں، اگر صدر ٹرمپ اپنی شاندار ٹیم کے ساتھ مداخلت نہ کرتے تو 4دنوں میں جنگ اس حد تک بڑھ جاتی کہ پھر کون باقی رہتا یہ بتانے کیلئے کہ کیا ہوا تھا۔شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی بدولت ہی جنوبی ایشیا میں امن ممکن ہوا، ان کی وجہ سے خطے میں لاکھوں زندگیاں بچ گئیں، دنیا کو اس وقت آپ جیسی شخصیت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کو نوبیل انعام کیلئے نامزد کیا کیوں کہ یہ حقیقت میں امن کے علم بردار ہیں، جنہوں نے دنیا میں امن کے لیے دن رات کام کیا، تاریخ صدر ٹرمپ کو سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر نوبیل امن انعام کے حق دار ہیں، میں آج پھر انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرتا ہوں۔