اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں مذہبی تنظیم کے احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق مذہبی جماعت کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کے اعلان کے بعد انتظامیہ نے شہر بھر میں سخت حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔
شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق دارالحکومت میں موبائل انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں، شہریوں کو موبائل فون پر انٹرنیٹ استعمال کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
ادھر راولپنڈی کے متعدد نجی تعلیمی اداروں کو حفاظتی خدشات کے باعث بند کر دیا گیا ہے، جبکہ وزارتِ داخلہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروس تاحکمِ ثانی بند رکھنے کے لیے پی ٹی اے کو باضابطہ طور پر خط بھیج دیا ہے۔
اسی طرح لاہور میں بھی حالات کے پیش نظر تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن لاہور کے مطابق، راستوں کی بندش کے باعث اسکول بند کیے گئے ہیں اور والدین کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تھری اور فور جی انٹرنیٹ سروسز آج رات 12 بجے سے اگلے احکامات تک معطل رہیں گی۔
حکام کے مطابق، یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے باعث اٹھایا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے پی ٹی اے سمیت اسلام آباد کے کمشنر، آئی جی اور آر پی او راولپنڈی کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ موبائل انٹرنیٹ کی بندش کے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔



















































