لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و وزیر اعلیٰ پنجاب کی نامزد امیدوار مریم نواز شریف سے ملاقات کر کے آزاد حیثیت میں الیکشن جیتنے والے قومی اسمبلی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کے مزید 6ارکان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور نامزد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے آزاد ارکان اسمبلی نے ملاقات کی ۔اس موقع پر (ن) لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 92بھکر سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے رشید اکبر نوانی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے ،پی پی 90بھکر سے احمد نواز نوانی، پی پی 92اور 93بھکر سے کامیاب عامر عنایت شاہانی ،پی پی 272مظفر گڑھ سے جیتنے والے رانا عبدالمنان ،پی پی 205خانیوال سے اکبر حیات ہراج اور پی پی 212خانیوال سے اصغر حیات ہراج نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔رشید اکبر نوانی، احمد نواز نوانی، عامر عنایت شاہانی، رانا عبدالمنان، اکبر حیات ہراج اور اصغر حیات ہراج کا قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ۔ مریم نواز شریف کا آزاد ارکان کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم اور فیصلے پر مبارکباد دی ۔
آزاد ارکان اسمبلی نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف، شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پاکستان، عوام اور پنجاب کے لئے خدمات تاریخی ہیں، پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت اور قابل عمل ایجنڈا صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، اپنے حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ آپکے جذبے اور قومی سوچ کی قدر کرتے ہیں، آپ نے تعمیر پاکستان کے قافلے میں شمولیت اختیار کی، آپکی حمایت پاکستان اور عوام کو مشکلات سے نکالنے میں بڑی مددگار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے اقتدار نہیں، ملک اور عوام کی خدمت اہم ہے، نواز شریف پاکستان کو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے والی قوت کا نام ہے، نواز شریف آج بھی پاکستان جبکہ مخالفین اپنی ذات کی بات کر رہے ہیں، پاکستان کو انتشار نہیں، استحکام چاہیے، انتشار پھیلانے والے آج بھی انتشار ہی پھیلا رہے ہیں کیونکہ ان کا ایجنڈا ہی انتشار ہے، انتشار کا نشانہ پاکستان ہے، ادارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، ان کی خدمت کا حق ادا کریں گے، ان شااللہ، پنجاب کو ترقی کی مثال بنائیں گے، ان شااللہ، پاکستان کو بچانے کے لئے ایک لاکھ بار بھی سیاسی مفاد قربان کرنا پڑا تو کریں گے، وطن پر جان بھی قربان ہے۔