اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خوشید شاہ نے آرمی چیف کو ممکنہ توسیع دینے کی مخالفت کر دی۔ایک انٹرویومیں پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ اگر آرمی چیف کو توسیع دینے کا ماحول پھر ہواتو پیپلز پارٹی اس عمل کا شاید حصہ نہ بنے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ آرمی چیف کو توسیع لینی بھی نہیں چاہئے، سینئر ترین جنرل کو آرمی چیف بننا چاہئے، پاکستان کو بچانا ہے تو سینیارٹی کے مطابق آگے چلیں۔
ان سے پوچھا گیا کہ (ن)لیگ کے حوالے سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ شاید آرمی چیف کو توسیع دی جائیگی اس کے جواب میں رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر آرمی چیف کو توسیع دینے کا ماحول پھر ہوا، تو پیپلز پارٹی اس عمل کا شاید حصہ نہ بنے۔پاکستانی معیشت اور وزیر خزانہ کے نام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سحق ڈار نے معیشت کو نقصان پہنچایا، مسلم لیگ (ن)سے وزیر خزانہ کے نام پر بات چیت کریں گے۔ان سے پوچھا گیا کہ کہ کیا اسحق ڈار معیشت کو بچا سکیں گے؟ اس پر خورشید شاہ نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ڈار صاحب معیشت کو بچا سکیں گے، جب معیشت کے حوالے سے بیٹھیں گے، تو بات کریں گے کہ وزیر خزانہ کس کو بننا چاہئے، اس دوران بات کریں گے کہ معیشت کو کون ٹھیک کر سکتا ہے۔