اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پنڈ دادن خان تا جہلم روڈ منصوبہ میں بے ضابطگی کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیر فواد چوہدری نے کہاہے کہ الیکشن ہوگئے، اب انہیں جیل میں رکھ کر کیا نکالنا ہے؟۔ بدھ کو فواد چوہدری کو ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں پیش کیا گیا۔وکیل فواد چوہدری نے موقف اپنایا کہ فواد چوہدری سپریم کورٹ کے وکیل ہیں، 2 ماہ سے انہیں اندر رکھا ہوا ہے، عدالت نے ضمانت سننی ہے یا نہیں، آرڈر کر دیں۔
اس پر جج شاہ رخ ارجمند نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ 19 فروری کو ضمانت پر دلائل سنیں گے، ان کے پاس چار عدالتیں اور بھی ہیں۔دوران سماعت فواد چوہدری نے کہا الیکشن ہوگئے اب انہیں جیل میں رکھ کر کیا نکالنا ہے؟ جس پر جج شاہ رخ ارجمند کہا یہ یہ ان سے پوچھیں جنہوں نے آپ کو جیل میں رکھا ہوا ہے۔بعد ازاں عدالت نے فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع کردی۔علاوہ ازیں عدالت نے فوار چوہدری کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی۔