اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر مختلف پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ، پولنگ 15 فروری کو ہوگی۔ہفتہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ قومی اسمبلی کیحلقہ این اے۔88 خوشاب۔2، سندھ اسمبلی پی ایس۔18 گھوٹکی۔1 اور پی کے 90 کوہاٹ۔1 خیبر پختونخوا کے بعض پولنگ سٹیشنوں میں پولنگ میٹریل کے چھینے جانے یا ضائع کیے جانے کے باعث متعلقہ پولنگ سٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا ہے اور ان حلقوں کے نتائج کا اعلان 15 فروری کو پولنگ کی تکمیل کے بعد ہو گا۔
ترجمان نے بتایا کہ کمیشن نے این اے 88 خوشاب 2 کے انتخابی حلقہ میں 26 پولنگ سٹیشنوں کے پولنگ میٹریل کو ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں ہجوم کے ہاتھوں جلائے جانے کے باعث ان 26 پولنگ سٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔اسی طرح کمیشن نے پی ایس۔18 گھوٹکی۔1 سندھ میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں دو پولنگ سٹیشنوں کا پولنگ میٹریل چھینے جانے کے باعث ان دونوں پولنگ سٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا ہے۔ایک اور واقعہ میں کمیشن نے پی کے 90 کوہاٹ۔1 خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 15پولنگ سٹیشنوں کا پولنگ مواد تباہ کیے جانے پر ان 25 پولنگ سٹیشنوں میں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔کمیشن نے این اے242 کراچی کے ایک پولنگ سٹیشن پر توڑ پھوڑ کے واقعہ کی شکایت ملنے پر ریجنل الیکشن کمشنر کو واقعہ کی تحقیقات کر کے تین دن کے اندر کمیشن کو تحقیقاتی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔