لاہور ( این این آئی) لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128میں استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ امیدوار عون چوہدری کامیاب رہے ،تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ نے حلقے کے نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 128لاہور 12کے تمام 433 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ آگیا جہاں استحکام پاکستان پارٹی اور (ن) لیگ کے مشترکہ امیدوار عون چوہدری 1لاکھ 72 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے فاتح قرار پائے۔
جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ 1لاکھ 59ہزار ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔دوسری جانب سلمان اکرم راجہ نے حلقے این اے 128کے نتائج لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیئے۔سلمان اکرم راجہ لاہورہائی کورٹ میں درخواست جمع کروانے پہنچے ۔انہوں نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ بھاری اکثریت سے کامیابی کے باوجود نتائج روک دیئے گئے ہیں۔انہوں نے استدعا کی ہے کہ عدالت ریٹرننگ آفیسر کو نتائج فوری جاری کرنے کا حکم دے۔یاد رہے کہ اس حلقے پر آئی پی پی اور مسلم لیگ (ن) نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تھی اور نواز شریف نے بھی اسی حلقے میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا تھا۔